مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور ازبکستان نے ٹرانسپورٹ اور ٹرانزٹ کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے ٹرانسپورٹ اجلاس کے موقع پر ایرانی وزیر فرزانہ صادق اور ازبک وزیر الہوم محکم اف کی ملاقات میں سامنے آیا۔
ایرانی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان روڈ ٹرانسپورٹ تعاون کے لیے مشترکہ مفاہمتی یادداشت اور 400 ڈالر ٹول فیس کے خاتمے کے اقدام سے دوطرفہ تجارت کی لاگت میں نمایاں کمی آئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال ازبکستانی ٹرانسپورٹ بیڑے کی ایران آمد میں 117 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ ایرانی بیڑے کی ازبکستان آمد میں بھی 18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے سڑک اور ریل کے شعبوں میں موجود مسائل کے حل اور تعاون کے تسلسل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور ازبکستان کے درمیان اقتصادی اور ٹرانزٹ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
آپ کا تبصرہ